منگلورو، 31؍ جولائی (ایس او نیوز)کوتار میں مدنی نگر کے پاس ایک سلسلہ وار حادثہ پیش آیا جس میں ایک آٹو رکشہ اور کار کو بہت نقصان پہنچا اور رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق حادثہ کار والے کی بے پروا اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا ۔ ڈیرلکٹہ سے منگلورو کی طرف آنے والی ہونڈا کار کی رفتار بے قابو ہوگئی اور وہ سامنے سے آرہے ایک آٹو ڈرائیور سے ٹکرا گئی ۔ تصادم کے بعد ہونڈا کار نے آگے بڑھ کر ایک اور کار کو ٹکر ماری جس میں میڈیکل اسٹوڈنٹس سوار تھے ۔ دوسری طرف تصادم کی وجہ سے آٹو ڈرائیور محمد منصور شدید زخمی ہوگیا اور اس کا رکشہ پوری طرح تباہ ہوگیا ۔ میڈیکل طلبہ کو لے جارہی کار کو بھی اچھا خاصہ نقصان پہنچا ۔ ہونڈا کار کا ڈرائیور گاڑی لاک کرکے موقع پر سے فرار ہوگیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا ۔
حادثہ کی اطلاع ملنے پر ناگوری پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور حادثہ کا سبب بننے والی کار اپنی تحویل میں لے لی ۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس علاقے میں سڑک پر بہت زیادہ گڈھے پڑے ہوئے ہیں اس وجہ سے گاڑیاں بے قابو ہوجاتی ہیں ۔ پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم کرلیا کہ ہونڈا کار چلانے والا کراٹے ماسٹر دھرنپّا ہے جو کہ وٹّل کیپو کا رہنے والا ہے۔